![](https://ur.islamwhy.com/static/images/website/baner_islamwhy_small.png)
![](https://ur.islamwhy.com/static/uploads/contents/1736087596c1fe905ebbb20d3dfe4815b55c6c456b.jpg)
الامر بین الامرین:ایک قرآنی نظریہ بھی اور فطرت انسانی کا تقاضا بھی
باسم حلی
تقدیر نے ایک نوجوان لڑکے اور لڑکی کو ایک دوسرے کی محبت کے بھنور میں ڈال دیا، یہاں تک کہ وہ بغیر کسی سابقہ واقفیت یا منصوبہ بندی کے ایک دوسرے کی طرف کھنچنے لگے، گویا کوئی پوشیدہ قوت انہیں اس طرف کھینچ کرلے جا رہی ہو۔ تو کیا اس حالت میں وہ مجبور ہیں یا مختار؟
جواب آسان نہیں ہے، کیونکہ جہاں ایک طرف ان پر ایک بےاختیار کشش غالب آ رہی ہے، گویا ان کی تقدیر میں یہ نقش ہو چکا ہے، وہیں دوسری طرف ان کے پاس دور ہونے کی آزادی بھی موجود ہے، اگرچہ یہ دوری دل کو سخت تکلیف پہنچانے والی ہوتی ہے۔ بہر حال محبت کا آغاز اگر بغیر اختیار ہو تو بھی یہ ہرگز ان میں سے کسی کی علیحدہ ہو جانے کی صلاحیت کو ختم نہیں کرتا۔یوں یہ حقیقت کھل کر سامنے آتی ہے کہ محبت ایک درمیانی کیفیت کا نام ہے، جو جبر اور اختیار کے درمیان پل بناتی ہے۔ گویا تقدیر بڑے خاکے بناتی ہے اور انسان کو ان میں رنگ بھرنے کی آزادی دیتی ہے۔ یہ ایسا جبر ہے جو اختیار کو ختم نہیں کرتا، اور ایسا اختیار ہے جو کسی حد تک جبر کا پابند ہے ۔
اسی طرح دوستی میں بھی ہم دیکھ سکتے ہیں کہ ان مضبوط بندھنوں کا کیا راز ہے جو ان دو دوستوں کو آپس میں جوڑتے ہیں، گویا انہوں نے ان بندھنوں کو عالمِ ارواح میں پرو دیا ہو، اس سے پہلے کہ وہ عالمِ مادہ میں ملتے، اگر آپ ان سے اس ہم آہنگی کا راز پوچھیں، تو وہ جواب دیں گے کہ ہم نے ایک دوسرے میں اپنی ذات کو پایا، بغیر کسی منصوبہ بندی یا ارادے کے، گویا ہم ایک روح تھے جو دو حصوں میں تقسیم ہو گئی۔لیکن، چاہے یہ رشتے کتنے ہی مضبوط کیوں نہ ہوں، یہ بھی اس کائنات کی دیگر چیزوں کی طرح فنا پذیر ہیں۔ محبت کا جوش ماند پڑ سکتا ہے، راستے جدا ہو سکتے ہیں، اور ہر ایک دوسرے کے لیے اجنبی بن سکتا ہے، گویا تقدیر کے ہاتھوں نے اس کہانی کا اختتام بھی لکھ رکھا ہے۔
ماں کی محبت بھی اس سے مختلف نہیں، یہ ایک سر ہے جو فطرت کے تاروں پر بجتا ہے، ایسا نغمہ جو ہر نومولود کے ساتھ جنم لیتا ہے۔ ایک صالح ماں اپنے جگر گوشوں پر ایسا پیار اور شفقت نچھاور کرتی ہے جسے بیان کرنا ممکن نہیں، گویا وہ ایک ایسا درخت ہے جو محبت کا کبھی ختم نہ ہونے والا پھل دیتا ہے۔لیکن بعض اوقات زندگی کی سختیاں اسے مجبور کر دیتی ہیں کہ وہ اپنے بچوں سے جدا ہو جائے، اور یوں ماں کی مامتا اس کے دل میں ایک ہمیشہ رہنے والا زخم بن جاتی ہے۔ اس طرح یہ حقیقت عیاں ہوتی ہے کہ انسان مکمل طور پر مجبور نہیں، بلکہ اس کے پاس اختیار کا ایک دھاگا موجود ہے، اگرچہ یہ دھاگا بعض اوقات بہت نازک ہوتا ہے۔بلکہ حیوانات کی دنیا میں بھی، جہاں بقا کی ہوس غالب ہوتی ہے، قربانی اکثر ایک ناگزیر انتخاب بن جاتی ہے۔ شیرنی، جو اپنے بچوں کی حفاظت کے لیے اپنی شدت اور بہادری کے لیے مشہور ہے، بعض اوقات ان میں سے کچھ کو چھوڑنے پر مجبور ہو جاتی ہے تاکہ باقییوں کی زندگی کو یقینی بنایا جا سکے۔ یہ ایک دل دہلا دینے والی تصویر ہے جو ظاہر کرتی ہے کہ زندگی کی سختیاں مخلوقات کو ایسے مشکل فیصلے کرنے پر مجبور کر سکتی ہیں، چاہے یہ فیصلے ان کی فطرت کے خلاف ہی کیوں نہ ہوں۔
انسان کو محض ایک مشین سمجھنا، جو پہلے سے طے شدہ پروگرام کے مطابق عمل کرتا ہو، اخلاقی ذمہ داری اور انفرادی احتساب کے تصور کو ختم کر دیتا ہے، اور ان عدالتی اصولوں کو کمزور کر دیتا ہے جن پر تہذیبوں کی بنیاد رکھی گئی ہے۔ قوانین - چاہے الٰہی ہوں یا وضعی- اس بات کا اعتراف کرتے ہیں کہ انسان کے پاس خیر و شر کے درمیان انتخاب کی آزادانہ صلاحیت موجود ہے، جو اسے اپنے اعمال کا ذمہ دار بناتی ہے۔ مجرم کو اس لیے سزا دی جاتی ہے کہ وہ ایک محض آلہ نہیں، بلکہ اس نے اپنی مرضی سے قانون کی خلاف ورزی کا انتخاب کیا۔ لیکن وہ شخص جس کی مرضی چھین لی گئی ہو، جیسے کہ پاگل، اس کے اعمال پر گرفت نہیں کی جاتی کیونکہ اس میں اختیار موجود نہیں ہوتی جو کہ کسی کو جواب دہ بنانے کی شرط ہے ۔
دوسری طرف، اس بات کا بھی انکار نہیں کیا جاسکتا کہ انسان اپنے اردگرد کے عوامل سے متاثر ہوتا ہے، چاہے وہ مادی ہوں یا روحانی۔ اس کے جینز، ماحول، ثقافت، اور یہاں تک کہ اس کے خیالات اور جذبات اس کی تحریکات کو تشکیل دیتے ہیں اور اس کے فیصلوں پر اثر ڈالتے ہیں۔ انسان ایسے حالات میں پیدا ہوتا ہے جنہیں وہ خود نہیں چنتا، اور ایک ایسے ماحول میں پرورش پاتا ہے جو اس کی شخصیت کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ تاہم، یہ اثر اس کی آزادی کو مکمل طور پر ختم نہیں کرتا بلکہ اس کی حدود کا تعین کرتا ہے۔ مثال کے طور پر، اگر کوئی شخص ایک محبت کرنے والے خاندان میں پیدا ہو، تو یہ اس کی شخصیت پر مثبت اثر ڈال سکتا ہے، لیکن یہ اسے غلط فیصلے کرنے سے نہیں روک سکتا۔
خلاصہ یہ ہے کہ انسان نہ تو محض ایک بے حس مشین ہے، اور نہ ہی اپنے ماحول سے مکمل طور پر آزاد مخلوق۔ وہ ایک درمیانی مقام پر کھڑا ہے، جہاں آزاد مرضی اور خارجی عوامل ایک دوسرے کے ساتھ مل کر اس کی زندگی کا راستہ بناتے ہیں۔ وہ کچھ پہلوؤں میں مجبور ہے اور کچھ میں مختار، اور یہی اس کے وجود کی پیچیدہ حقیقت ہے۔
اختیار کو اختیار کے ذریعے ختم کرنا
انسان کے پاس ایک عجیب صلاحیت ہے کہ وہ اپنی آزادی خود ختم کرسکتا ہے! جتنا زیادہ وہ گناہ کے راستے پر چلتا ہے اور خواہشات میں ڈوبتا جاتا ہے، اتنا ہی وہ اپنی آزادی کا دائرہ تنگ کر لیتا ہے، یہاں تک کہ وہ اپنی خواہشات کا غلام بن جاتا ہے، بے اختیار، اور آزادی سے محروم ہو کر رہ جاتا ہے ۔
نشے کے عادی شخص کی مثال اس حقیقت کو واضح کرتی ہے۔ وہ ابتدا میں اپنے اختیار سے یہ راستہ چنتا ہے، لیکن جلد ہی وہ مجبور ہو جاتا ہے، یہاں تک کہ اس کا انجام موت یا پاگل پن پر ہو سکتا ہے، کیونکہ اس نے اپنے اختیار کو اپنے ہی اختیار سے ختم کر دیا۔
قرآنِ کریم نے اس حقیقت کو واضح طور پر بیان کیا ہے
﴿ذٰلك بأنهم استحبوا الحياة الدنيا على الآخرة وأن الله لا يهدي القوم الكافرين، أولئك الذين طبع الله على قلوبهم وسمعهم وأبصارهم وأولئك هم الغافلون﴾(سورۃ النحل: 108)
جس نے دنیا کی عارضی زندگی کو آخرت کی دائمی نعمتوں پر ترجیح دی، اس نے خود کو گمراہی کے اندھیروں میں ڈال دیا اور ہدایت کے دروازے اپنے اوپر بند کر لیے۔ اس کے نتیجے میں، اللہ نے ان کے دلوں پر مہر لگا دی، اور وہ ایسے نابینا اور بہرے بن گئے جو نہ حق دیکھ سکتے ہیں نہ ہدایت سن سکتے ہیں۔
اس کی ایک واضح مثال وہ ظالم و جابر حکمران ہیں جو ظلم و فساد کو ترجیح دیتے ہیں۔ وہ خون بہاتے ہیں، حرمتوں کو پامال کرتے ہیں، اور اپنے ظلم کی وجہ سے ہدایت سے محروم ہو جاتے ہیں۔ جیسا کہ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں
﴿فبما نقضهم ميثاقهم وكفرهم بآيات الله وقتلهم الأنبياء بغير حق وقولهم قلوبنا غلف بل طبع الله عليها بكفرهم﴾ (سورۃ النساء: 155)
یہ آیات ہمیں خبردار کرتی ہیں کہ انسان کا اختیار، جب غلط راستے پر استعمال ہو، اس کے دل پر مہر لگنے کا سبب بن سکتا ہے، اور وہ ہدایت سے محروم ہو کر گمراہی میں ڈوب جاتا ہے۔
اس کے برعکس، جو لوگ ہدایت کے راستے پر چل نکلتے ہیں، اللہ ان کی ہدایت میں اضافہ کرتا ہے اور انہیں تقویٰ کی دولت عطا کرتا ہے، یہاں تک کہ ان کے اختیارات کمال اور جمال کی اعلیٰ ترین مراتب تک پہنچ جاتے ہیں، جیسا کہ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں:﴿والذين اهتدوا زادهم هدى وآتاهم تقواهم﴾ (سورۃ محمد: 17)
اور جنہوں نے ہدایت حاصل کی اللہ نے ان کی ہدایت میں اضافہ فرمایا اور انہیں ان کا تقویٰ عطا فرمایا۔
لیکن جو لوگ اپنی بدبختی کے غلبے میں گرفتار ہو جاتے ہیں، ان کا حال کچھ اور ہوتا ہے۔ جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا:﴿ألم تكن آياتي تتلى عليكم فكنتم بها تكذبون، قالوا ربنا غلبت علينا شقوتنا وكنا قومًا ضالين﴾ (سورۃ المؤمنون: 105-106)
یہ وہ لوگ ہیں جو ضد اور فساد کے عادی ہو چکے ہیں، یہاں تک کہ انہوں نے خود اپنی آزادی چھین لی اور اپنے دلوں پر مہر لگا لی، گویا وہ ہدایت سے بے بہرہ ہو گئے۔ ان کا مسلسل انکار اور عناد انہیں اس مقام تک لے جاتا ہے جہاں ان کے لیے سچائی کو قبول کرنے کا دروازہ بند ہو جاتا ہے، اور وہ اندھے، بہرے اور گمراہ ہو کر رہ جاتے ہیں ۔
انسان اپنی اختیارات کے بارے میں مکمل طور پر جواب دہ ہے۔ اسے چاہیے کہ اپنی آزادی کا بہترین استعمال کرے اور اسے بلند کرنے کی کوشش کرے۔ جب بھی وہ خیر کا انتخاب کرتا ہے، اللہ اسے مزید بھلائی عطا کرتا ہے، اور جب وہ شر کا راستہ چنتا ہے، تو درحقیقت وہ خود کو گمراہی کی تاریکیوں میں دھکیل دیتا ہے۔ یہی زندگی کا حقیقی امتحان ہے، اور یہی اختیار انسان کی عظمت اور اس کی ذمہ داری دونوں کا مظہر ہے۔
قرآنِ کریم میں "دو اختیارات کے درمیان معاملہ" کی حقیقت
قرآنِ کریم کی متعدد آیات ایسی ہیں جو اس حقیقت کو واضح کرتی ہیں کہ انسان کو دونوں راستوں کے درمیان اختیار دیا گیا ہے۔ اللہ تعالیٰ فرماتا ۔
﴿إنا هديْناه السبيل إما شاكرًا وإما كفورًا﴾ )سورۃ الانسان: 3(
ہم نے اسے راستے کی ہدایت کر دی خواہ شکر گزار بنے اور خواہ ناشکرا۔
اور فرمایا:﴿وهديْناه النجْديْن﴾ )سورۃ البلد: 10(
اور ہم نے دونوں راستے (خیر و شر) اسے دکھائے
یہ آیات اس بات کی دلیل ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے انسان کے لیے خیر اور شر کے راستے بتا دئے اور اس کے لیے ان دونوں میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنے کا اختیار دیا۔ انسان کے پاس یہ اختیار ہے کہ وہ شکرگزاری اور احسان کا راستہ اختیار کرے، یا کفر اور انکار کا راستہ اختیار کرے۔ وہ جو چاہے اپنی عملی زندگی میں اپنا سکتا ہے، چاہے وہ اچھائی ہو یا برائی، خوبصورتی ہو یا بُرائی، انصاف ہو یا ظلم۔لیکن یہ اختیار اللہ کے قضاء و قدر کے خلاف نہیں ہے، کیونکہ اللہ تعالیٰ وہ ذات ہے جس نے انسان کو پیدا کیا اور اسے اختیاررکھنے کی صلاحیت عطا کی۔ وہی اللہ ہے جو پوری کائنات کو اپنی حکمت سے چلاتا ہے۔ اللہ تعالیٰ کا فرمان:
﴿إنا هديْناه السبيل﴾اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نے انسان کے اندر انتخاب کی صلاحیت پیدا کی گئی ہے اور اسے اپنے افکار کو عملی شکل دینے کی قدرت دی گئی ہے۔ اگر انسان کے پاس یہ صلاحیت نہ ہوتی، تو وہ کچھ بھیاپنی طرف سے نہیں کر سکتا تھا، اور نہ ہی وہ اپنے اعمال کا جوابدہ ہوتا۔
امام رضا (علیہ السلام) کے ایک حدیث میں، جو کہ وہشہ نے روایت کی ہے، اس مسئلے کی وضاحت ملتی ہے، جہاں امام (علیہ السلام) فرماتے ہیں, اے ابن آدم! میں تمہاری نیکیاں تم سے زیادہ حق دار ہوں، اور تم میری برائیوں سے زیادہ حق دار ہو، تم نے گناہ میری دی ہوئی طاقت سے کیے ہیں جو میں نے تم میں رکھی۔
یہ حدیث اس بات کی تصدیق کرتی ہے کہ اللہ تعالیٰ ہی وہ ذات ہے جس نے انسان کو عمل کرنے کی طاقت اور صلاحیت عطا کی، چاہے وہ عمل اچھا ہو یا برا۔ تاہم انسان خود اپنے انتخاب کا ذمہ دار ہے، کیونکہ وہ خود فیصلہ کرتا ہے کہ وہ اس طاقت کو اللہ کی اطاعت میں استعمال کرے گا یا اس کی معصیت میں۔لہٰذا، انسان اپنے افعال میں مختار ہے، لیکن یہ اختیار اللہ کے قضاء و قدر سے متصادم نہیں ہے۔ اللہ تعالیٰ وہ ہے جس نے انسان کو پیدا کیا اور اسے انتخاب کی صلاحیت دی، اور وہی حکمت کے ساتھ کائنات کو چلا رہا ہے۔ انسان پر فرض ہے کہ وہ اس نعمت کا اچھے طریقے سے استعمال کرے اور نیک راہ کا انتخاب کرے تاکہ وہ شکر گزار بنے، اپنے آپ کو اور دوسروں کو فائدہ پہنچائے ۔
دو اختیارات کے درمیان معاملہ کیوں ؟
اس سوال کا جواب اس بات میں پوشیدہ ہے کہ مطلق بااختیار کہنا، جیسا کہ معتزلہ نے کہا، یا مطلق مجبور کہنا، جیسا کہ اشاعرہ نے کہا، دونوں عقلًا اور نقلًا ناقابل قبول نتائج پر منتج ہوتے ہیں۔ "دو اختیارات کے درمیان معاملہ" ایک درمیانی حل ہے جو اللہ کی قدرت اور انسان کی ارادے کے درمیان توازن قائم کرتا ہے۔
پہلا: مطلق اختیار کا امکان نہیں (معتزلہ کا رد)
کیا ہم یہ فرض کر سکتے ہیں کہ ریڈیو بغیر بجلی کے کام کرے؟!
ریڈیو کا چلنا، اگرچہ انسان کے اختیار میں ہے، لیکن یہ مطلق نہیں ہے؛ کیونکہ اسے بجلی کے ذریعے چلانے کی ضرورت ہوتی ہے، چاہے وہ تار کے ذریعے ہو یا بے تار۔
اللہ تعالیٰ نے انسان کو مختار بنایا، لیکن وہ ہر لمحے اپنے اختیاری اعمال میں بجلی کے بغیر کام نہیں کر سکتا؛ اگر بجلی کٹ جائے، تو وہ مفلوج یا مردہ ہو جائے گا۔"دو اختیارات کے درمیان معاملہ" کا تصور انسان کے اختیاری اعمال کے انتخاب ک اوراللہ کی توانائی کے ذریعہ کے بغیر ممکن نہیں ہے۔ یہ اس بات کی وضاحت کرتا ہے کہ انسان اپنی زندگی میں کرنٹ کے باقی رکھنے کا اختیار نہیں رکھتا، جیسے ہی زندگی کی بلی کا یہ کرنٹ ختم ہو جائے انسان مر جاتا ہے ۔ یہ ظاہر کرتا ہے کہ بجلی کا اس میں وجود شروع سے ہی اس کے اختیار سے باہر ہے، جیسے کہ اس کا اس سے محروم ہونا بھی اس کے اختیار سے باہر ہے ۔
دوسرا: اللہ کے عدل کی وضاحت (اشاعرہ کو جواب)
جہاں تک انسان کو مطلق مجبور کہنے کاتعلق ہے، یہ اللہ کے عدل اور اس کی حکمت کے خلاف ہے۔ اگر انسان اپنے افعال میں مجبور ہوتا اور اسے اجبارًا عمل کرنا پڑتا، تو وہ ان افعال کا ذمہ دار نہ ہوتا، اور نہ ہی عذاب و انعام کا کوئی مفہوم ہوتا۔ اللہ تعالیٰ انسان کو اس پر سزا نہیں دیتا جو اس کی بساط سے باہر ہو، اور نہ ہی اس کو انعام دیتا ہے جو اس نے اپنی مرضی سے نہیں کیا۔
خلاصہ کلام:
"دو اختیارات کے درمیان معاملہ" کہنا وہی بات ہے جو اللہ کی قدرت اور انسان کی ارادے کے درمیان توازن قائم کرتا ہے اور اللہ کے عدل اور حکمت کو واضح کرتا ہے۔ انسان اپنے افعال میں مختار ہے، لیکن یہ اختیار اللہ کی قدرت اور مشیت سے محدود ہے۔ انسان کو اس حقیقت کو سمجھنا چاہیے اور اپنی آزادی کو اللہ کی اطاعت اور رضا میں استعمال کرنے کی کوشش کرنی چاہیے تاکہ وہ شکر گزار اور کامیاب ہو ۔