| مقالات | اسلامی معاشروں میں الحاد: اسبابِ ظہور اور مغربی الحاد سے تقابلی جائزہ
اسلامی معاشروں میں الحاد: اسبابِ ظہور اور مغربی الحاد سے تقابلی جائزہ
تحریر: الشیخ مقداد الربیعی
(الحاد ایک ایسا فلسفیانہ اور نظریاتی رویہ ہے جو کسی بھی مذہبی عقیدے یا مافوق الفطری ہستی کے وجود کو ماننے سے انکار کرتا ہے۔ یہ تصور مغرب میں خاص طور پر روشن خیالیاور احیائے علوم کے ادوار کے دوران عروج پر پہنچا، جہاں مذہب اور عقل کے مابین تنازعات نے اسے فروغ دیا)
الحاد صرف ان مغربی ممالک تک محدود نہیں رہا جہاں سے اس کی ابتداء ہوئی تھی، بلکہ یہ دنیا کے مختلف حصوں تک پھیل چکا ہے، اور اسلامی دنیا بھی اس کے اثرات سے محفوظ نہیں رہ سکی۔ بہت سے تعلیم یافتہ افراد نے ان خیالات سے متاثر ہو کر ان فکری بنیادوں کو اپنا لیا جن پر یہ نظریہ قائم ہے۔ اس کی وجہ وہی حالات ہیں جنہوں نے یورپ میں الحاد کے فروغ میں کردار ادا کیا۔
الحاد آج کے دور میں دنیا بھر کے لیے ایک سنگین چیلنج بن چکا ہے، جو نہ صرف مغربی معاشروں میں اپنی جڑیں مضبوط کر چکا ہے، بلکہ اسلامی دنیا میں بھی تیزی سے پھیل رہا ہے۔ یہ مسئلہ صرف عقائد کے سطحی اختلاف تک محدود نہیں، بلکہ یہ ہمارے تہذیبی، علمی، اور فلسفیانہ اثاثوں کو براہ راست متاثر کر رہا ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ الحاد کے بنیادی نظریات، اس کے فروغ کے اسباب، اور ان عوامل کا گہرائی سے جائزہ لیا جائے جنہوں نے اسے طاقت بخشی۔
ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ضروری ہے کہ ہم علمی اور فکری سطح پر ایسے مباحثے اور مضامین کا سلسلہ شروع کریں جو نہ صرف الحاد کے ظاہری پہلوؤں بلکہ اس کے پس پردہ نظریاتی بنیادوں کو بھی تنقید کا نشانہ بنائیں۔ یہ تنقید صرف انکار یا رد تک محدود نہ ہو، بلکہ تعمیری اور مثبت ہو، جس میں علمی منطق، فلسفیانہ استدلال، اور حقائق کی روشنی میں الحاد کے دعووں کا مضبوط جواب دیا جائے۔ خاص طور پر اسلام کے خلاف کیے جانے والے اعتراضات، جو اکثر غلط فہمیوں اور تعصب پر مبنی ہوتے ہیں، ان کے جوابات مضبوط، مدلل اور قانع کنندہ انداز میں پیش کیے جائیں۔
چونکہ الحاد ایک سماجی اور انسانی مظہر ہے، اس کی مکمل وضاحت کسی ایک زاویے سے ممکن نہیں ہے۔ سماجی مظاہر عام طور پر کئی عوامل کے پیچیدہ اور باہمی تعامل کا نتیجہ ہوتے ہیں، جن میں فکری، نفسیاتی، معاشرتی، اور تاریخی پہلو شامل ہوتے ہیں۔ ایسے مظاہر کی مکمل تفہیم یا ہر عنصر کے انفرادی اثر کو واضح طور پر بیان کرنا ہمیشہ ایک مشکل کام ہوتا ہے۔جتنا زیادہ یہ مظہر پیچیدہ ہوگا، اس کے عوامل آپس میں اتنے ہی زیادہ گتھے ہوئے ہوں گےاور ان کے اثرات کی تشخیص مزید دشوار ہو جائے گی۔اس سیاق میں توفیق الطویل کی کتاب "اسس الفلسفہ" (صفحہ 71-74) میں انسانی مظاہر کی وضاحت کا ذکر کیا گیا ہے، جہاں وہ ان مظاہر کی پیچیدہ اور باہم مربوط نوعیت کی جانب بھی اشارہ کیا ہے ۔
تاہم، اس مظہر کے ظہور کے اہم اسباب تک پہنچنا ممکن ہے، اگر محتاط تحقیق اور غیرجانبدارانہ تجزیے کو اپنایا جائے۔ اگرچہ اس موضوع پر بے شمار تحریریں موجود ہیں، لیکن امریکی مورخ "ول ڈیورانٹ"، جو مشہور انسائیکلوپیڈیا "قصۂ تہذیب" کے مصنف ہیں، ان نمایاں شخصیات میں شامل ہیں جنہوں نے اس پر تفصیل سے روشنی ڈالی ہے۔ ان کی تحریریں فکری وسعت اور تنوع سے بھرپور ہیں، جو انہیں قابل مطالعہ اور حوالہ کے لیے موزوں بناتی ہیں۔ ہم ان کے خیالات کو ان کی اہمیت اور افادیت کے پیش نظر اجاگر کریں گے۔
ڈیورانٹ نے چرچ پر تنقید اور اس کے خلاف بغاوت کے مظہر کا ذکر کرتے ہوئے کہا: "ہزاروں مذہبی، فکری، جذباتی، اقتصادی، سیاسی، اور اخلاقی عوامل صدیوں کی رکاوٹوں اور جبر کے بعد یورپ کو ایک ایسی زبردست تحریک میں دھکیل رہے تھے، جو رومی سلطنت پر حملہ آور بربروں کے بعد سب سے بڑی تبدیلی تھی۔بابائیت کی کمزوری، ایوینیون جلاوطنی، پاپائی تقسیم، خانقاہی نظام کا زوال، مذہبی رہنماؤں کی دنیاوی زندگی، پاپائیت کے میدان میں عیش و عشرت، عدالتی نظام کا بگاڑ، اور مذہبی شخصیتوں کا بدعنوان طرز عمل—جیسے الگزینڈر ششم کی اخلاقیات، یولیس دوم کی جنگیں، اور لیو دہم کی بےپرواہ روش "یہ تمام عوامل چرچ کی ساکھ کو نقصان پہنچانے میں اہم تھے۔ساتھ ہی، مقدس باقیات کی تجارت، معافی ناموں کی فروخت، صلیبی جنگوں میں ترکوں اور مسلمانوں کی کامیابیاں، غیرمسیحی عقائد سے بڑھتا ہوا رابطہ، عربی علوم اور فلسفے کا پھیلاؤ، فلسفۂ الٰہیات کی حیثیت میں کمی، اسکاٹس کی غیرعقلی فلسفہ سازی، اصلاحی کوششوں کی ناکامی، قدیم غیر مذہبی تہذیبوں کی دریافت، امریکہ کا وجود، پرنٹنگ کی ایجاد، تعلیم اور مطالعے کا فروغ، انجیل کا ترجمہ اور اس کی پڑھائی، اور ابتدائی عیسائیوں کی غربت و سادگی کے مقابلے میں چرچ کی غیرمعمولی دولت کا احساس " یہ سب عوامل چرچ کے خلاف عوامی ناراضی کا باعث بنے۔مزید یہ کہ جرمنی اور انگلینڈ کی بڑھتی ہوئی معاشی خودمختاری، ایک ایسی مڈل کلاس کا ابھرنا جو مذہبی قیود کو مسترد کرتی تھی، روم کو مالی وسائل کی ترسیل پر اعتراضات، قوانین اور حکمرانی میں دنیاوی رجحانات کا غالب آنا، قومی زبانوں اور ادب کا اثر، اور شخصی و روحانی تعلق پر زور دینے والی تصوف کی تحریک، یہ سب عوامل یورپ میں بڑے پیمانے پر مذہبی تحریکات کا باعث بنے۔"
یہ تمام عوامل ایک عظیم اور تیز بہاؤ کی صورت میں متحد ہو رہے تھے، جو قرونِ وسطیٰ کے اس تہذیبی نظام کو توڑنے والا تھا جو سطحی اور خول جیسا تھا۔ یہ بہاؤ تمام پرانے معیارات اور روابط کو تحلیل کر دے گا، یورپ کو قوموں اور مذاہب میں تقسیم کر دے گا، اور بتدریج موروثی عقائد کے ستونوں کو مزید اور مزید کمزور کرے گا۔ یوں یہ ان تسلیوں کا خاتمہ کر دے گا جو ان عقائد سے حاصل ہوتی تھیں اور شاید یورپی انسان کی فکری زندگی پر مسیحیت کے اقتدار کے خاتمے کا اعلان کرے گا۔ (قصۂ تہذیب، جلد 23، صفحہ 283-284)
یہ اور دیگر عوامل، جو یہاں ذکر نہیں کیے گئے، اپنے اثرات میں مختلف ہیں اور ایک دوسرے سے جُڑے ہوئے ہو سکتے ہیں۔ تاہم، انہیں چار بنیادی اسباب میں تقسیم کیا جا سکتا ہے:
1۔ مسیحیت کی غیرعقلانیت اور اس کا سائنسی اور عقلی نتائج سے تصادم۔
2۔ چرچ کی بدعنوانی۔
3۔ یورپ میں شعور ی ارتقاء۔
4۔ مذہبی اصلاحات کی ناکامی۔
یورپ میں الحاد کے ظہور کے اسباب اور محرکات کو سمجھنا دو بنیادی وجوہات کی بنا پر انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔ پہلی یہ کہ اس سے ہمیں یورپ میں الحاد کے آغاز اور اس کے ارتقاء کو سمجھنے میں مدد ملتی ہے۔ دوسری یہ کہ اس کے ذریعے موجودہ عرب سیکولر مفکرین کی ایک بڑی فکری غلطی کو واضح کیا جا سکتا ہے۔ ان مفکرین نے یورپی معاشرت اور اسلامی دنیا کے حالات کے درمیان غیرمنصفانہ تقابل کیا اور یہ نتیجہ اخذ کیا کہ دونوں میں کوئی خاص فرق نہیں۔ اسی بنیاد پر انہوں نے یہ دلیل پیش کی کہ اسلامی دنیا میں بھی الحاد کے ظہور کا امکان ہے، کیونکہ ان کے بقول وہی عوامل یہاں بھی موجود ہیں۔
تاہم، معروضی تجزیہ یہ واضح کرتا ہے کہ عرب اور اسلامی دنیا ان بہت سی شرائط اور عوامل سے محروم ہے جو یورپ میں الحاد کے ظہور کا باعث بنے۔ اس لیے، ایسے تقابلی تجزیے اکثر نہ صرف غیر دقیق ہوتے ہیں بلکہ گمراہ کن بھی ثابت ہو سکتے ہیں۔
الحاد مغرب میں ان عظیم تبدیلیوں کا براہِ راست نتیجہ تھا جو یورپ نے دورِ نشاۃ ثانیہ اور عصرِ تنویر کے دوران دیکھیں۔ سائنسی انقلاب نے کلیسائی روایتی تشریحات کو چیلنج کیا، اور کلیسا اور علمی اداروں کے درمیان جاری کشمکش، کلیسا کے استبداد اور سیاسی و اقتصادی طاقت کے ناجائز استعمال نے مذہبی اختیار کے خلاف ردِ عمل پیدا کیا۔ اس ردِ عمل نے الحاد کو ایک فکری اور فلسفیانہ تحریک کے طور پر جنم دیا، جو غیب کا انکار اور وجود کے لیے خالص مادی توضیحات تلاش کرنے پر مبنی تھی۔
مزید برآں، مذہبی جنگوں اور فرقہ وارانہ تنازعات نے الحادی رجحانات کو تقویت دی۔ یورپی عوام مذہب کے ذریعے پیدا ہونے والی تقسیم سے تنگ آ چکے تھے۔ ان عوامل نے مذہبی اداروں بلکہ خود مذہب کے بارے میں شکوک و شبہات پیدا کیے، جس کے نتیجے میں الحاد یا لادینیت کی حمایت کرنے والے فکری رجحانات نے جنم لیا۔
اس کے برعکس، عرب اور اسلامی دنیا میں الحاد براہِ راست مذہب کے ساتھ تنازع کا نتیجہ نہیں تھا، بلکہ یہ زیادہ تر سماجی، سیاسی اور ثقافتی عوامل کا ردِ عمل تھا۔ ان عوامل کو درج ذیل نکات میں بیان کیا جا سکتا ہے:
پہلا:سیاسی اور سماجی بحران:عرب اور اسلامی دنیا کے کئی ممالک آمرانہ سیاسی نظاموں کا شکار ہیں ، جہاں حکومتیں اپنی طاقت کے تحفظ کے لیے مذہب کو ایک آلۂ کار کے طور پر استعمال کرتی ہیں۔ یہ عوامل مذہب کے خلاف بدگمانی اور ردعمل کو جنم دیتے ہیں۔ بعض حکومتیں اپنی پالیسیوں کو مذہب کے ساتھ جوڑ کر اسے جواز فراہم کرتی ہیں، جس کے نتیجے میں لوگ حکومت کی ناکامیوں کو مذہب کے ساتھ نتھی کر دیتے ہیں۔ یہ رویہ نوجوان نسل میں مذہب سے بیزاری اور الحاد کی طرف رجحان پیدا کرتا ہے۔
دوسرا: تکنیکی ترقی اور میڈیا کا انکشاف:ڈیجیٹل میڈیا اور انٹرنیٹ کے ذریعے مغربی الحادی خیالات تک رسائی نے نوجوان نسل کو ایسے تصورات سے روشناس کرایا جو پہلے ان کے لیے ناقابل رسائی تھے۔ یہ انکشاف الحادی نظریات کو اپنانے کا سبب بنا، خاص طور پر ایسے حالات میں جہاں مذہبی اور علمی بنیادوں پر قوی جوابات دستیاب نہیں تھے۔(جدید ٹیکنالوجی اور سوشل میڈیا نے دنیا کو گلوبل ولیج میں تبدیل کر دیا ہے، جہاں مختلف نظریات اور فلسفے باآسانی سرحدوں کو عبور کر کے ایک دوسرے تک پہنچ رہے ہیں۔ اسلامی معاشروں میں یہ پلیٹ فارمز مغربی الحادی فلسفوں کو پھیلانے کا ایک بڑا ذریعہ بن گئے ہیں)
تیسرا: فکری بحران اور شناخت کا مسئلہ:عرب نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد فکری اجنبیت اور بحران کا شکار ہے۔ اس کی بنیادی وجہ تعلیمی اور مذہبی اداروں کی ناکامی ہے جو عقل و نقل کو یکجا کرنے والی جامع بصیرت فراہم کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ اس کمی نے ایسا فکری خلا پیدا کیا جو الحادی نظریات نے اپنے آپ کو "عقل پسندی کا متبادل" کہہ کر پُر کر دیا۔
چوتھا: روایتی مذہبی بیانیے کا ردعمل:اکثر دیکھا گیا ہے کہ روایتی مذہبی بیانیہ عصرِ حاضر کے چیلنجز کا سامنا کرنے میں قاصر ہے۔ نتیجہ میں نوجوان اسے ایک فرسودہ اور غیر متعلقہ خطبہ سمجھتے ہیں، جو ان کے موجودہ مسائل کا کوئی حقیقی حل پیش نہیں کرتا۔ یوں، یہ رویہ مذہب سے بیزاری کو بڑھاوا دیتا ہے۔
یہاں ایک دلچسپ تضاد ابھرتا ہے: مغرب میں الحاد کلیسا کے ساتھ فکری اور سائنسی تنازعے کی پیداوار تھا۔ اس کے برعکس، عرب اور اسلامی دنیا میں الحاد بنیادی طور پر سماجی، سیاسی، اور فکری مسائل کا نتیجہ ہے۔ یہ یاد رکھنے کی ضرورت ہے کہ اسلام کبھی بھی یورپی کلیسا کی طرح کوئی مستبد ادارہ نہیں رہا۔ یہ ہمیشہ لچکدار اور جامع رہا ہے، مگر اس خوبی کو عصری تقاضوں کے مطابق موثر انداز میں پیش کرنے میں ناکامی نے حالات کو پیچیدہ کر دیا۔ مزید برآں، جب مذہب کو کچھ نظامہائ حکومت نے اپنی سیاسی چالاکیوں کے لیے استعمال کیا، تو اس نے معاملے کو مزید خراب کر دیا۔
اختتامیہ میں:عرب اور اسلامی دنیا میں الحاد کے اسباب مغرب کے الحاد سے مختلف ہیں۔ مغرب میں الحاد سائنس اور مذہب کے تصادم کا نتیجہ تھا، جبکہ اسلامی دنیا میں یہ ایک عکس ہے ان سیاسی، سماجی، اور فکری بحرانوں کا جنہوں نے خطے کو اپنی گرفت میں لے رکھا ہے۔ اس رجحان کو قابو پانے کے لیے ایک متوازن، عقل و جذبات کا ہم آہنگ مذہبی بیانیہ ضروری ہے، جو حقیقی حل پیش کرے اور نوجوانوں کو اس الجھن سے باہر نکالے۔ اور ہاں، کوئی سوشیالوجیکل تھراپی بھی شامل کریں، تاکہ یہ نوجوان ٹویٹر پر الحادی میمز کے پیچھے نہ بھاگیں!