| مسلمان شخصیات | سیدۃ نساء العالمین،ام ابیھا حضرت فاطمہ زہراءؑ
سیدۃ نساء العالمین،ام ابیھا حضرت فاطمہ زہراءؑ
حضرت فاطمہ زہراءؑ نبی اکرمﷺ کی اکلوتی بیٹی ہیں۔آپ کی والدہ کا نام حضرت خدیجہؑ ہے ، آپ کی ولادت جمعہ کے دن بیس جمادی الثانی کو بعثت کے پانچویں سال ہوئی یعنی واقعہ معراج کے تین سال بعد آپ پیدا ہوئیں۔
جب آپ کی عمر پانچ سال ہوئی تو آپ کی شفیق والدہ حضرت خدیجہؑ انتقال کر گئیں،اس کے بعد آپؑ اپنے والد اللہ کے رسولﷺ کی سرپرستی میں رہنے لگیں ۔نبی اکرمﷺ کی خوب دیکھ بھال کی اگرچہ آپ کی عمر مبارک بہت چھوٹی تھی پھر بھی آپ نے تمام امور بخوبی انجام دیے اسی لیے آپ کو ام ابیھا کا لقب دیا گیا یعنی اپنے باپ کی ماں۔جب آپ کی عمر سات سال تھی اس وقت آپ حضرت علی ؑ کے ساتھ دیگر نبی اکرمﷺ کی قریبی رشتہ دار خواتین جن کے نام فاطمہ ہی تھے قریش سے بچ کر نبی اکرمﷺ کے پاس مدینہ آ گئیں۔
دو ہجری ماہ ذی الحجہ میں آپ کی شادی حضرت علیؑ سے ہوئی ۔اللہ تعالی نے آپ کو حسن و حسین علیھماالسلام جیسے عظیم بیٹے اور زینب کبریؑ اور زینب صغری جو ام کلثوم کی کنیت سے معروف ہوئیں جیسی دو بیٹیوں سے نوازا۔ آپ کا ایک بیٹا جس کا نام محسنؑ تھا اس وقت ساقط ہو گیا جب لوگوں نے آپ کے گھر پر ہجوم کیا تھا۔
آپ کے مشہور القاب میں زہراء،بتول،حورا،انسیہ،ام الائمہ،محدثہ،ذکیہ،شہیدہ اور مظلومہ ہیں۔آپ کی مظلومیت آپ کے والد کی وفات کے بعد کے پیش آنے والے واقعات کی وجہ سے ہے جس میں آپ کو تکالیف پہنچائی گئیں اور آپ کی پسلی کو شکستہ کیا گیا۔آپ اسی مظلومیت میں شہید ہوئیں اور آپؑ کی عمر محض اٹھارہ برس تھی۔آپ کی تاریخ شہادت میں بہت اختلاف پایا جاتا ہےمشہور یہ ہے کہ آپ ؑ تین جمادی الثانی گیارہ ہجری کو شہید ہوئیں۔